Thursday, April 25, 2024

قومی ایئرلائن کا مالی خسارہ تین سو ارب روپے سے زیادہ ہو گیا

قومی ایئرلائن کا مالی خسارہ تین سو ارب روپے سے زیادہ ہو گیا
January 12, 2017

کراچی (92نیوز) پی آئی اے کا مالی خسارہ 300ارب روپے سے بڑھ گیا۔ پی آئی اے کے ملازمین گزشتہ گیارہ روز سے تنخواہ کے انتظار میں ہلکان ہوگئے۔ انتظامیہ نے گریڈ فائیو تک کے ملازمین کو سیلری دے کر جان چھڑالی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن میں انتظامی بدحالی کے ساتھ ساتھ مالی معاملات بھی خراب سے خراب تر ہوگئے۔ قومی ایئرلائن اس وقت تین سو ارب روپے سے زائد مالی خسارہ کا شکار ہے۔ اسی بنا پر ادارے کے ملازمین گزشتہ گیارہ روز سے اپنی تنخواہ کے انتظار میں ہلکان ہورہے ہیں۔

انتظامیہ نے حالات کی سنگینی دیکھی تو گروپ ون سے گروپ فائیو تک کے ملازمین کی تنخواہ جاری کردیں تاہم گروپ سکس سے لیکر کر اگلے گروپس کے ملازمین اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں۔  ادھر پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کوبھی  پنشن جاری نہیں کی گئی۔ فنڈز نہ ہونے پر ریٹائرڈ ملازمین نے احتجاج کی دھمکی دے دی ہے۔