Saturday, April 27, 2024

قومی ایئرلائن خسارے میں کیوں؟ عدالت نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی

قومی ایئرلائن خسارے میں کیوں؟ عدالت نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی
May 8, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے خسارے میں ہونے پر تحقیقات کے لئے کمیٹی بنا دی۔ سپریم کورٹ میں پی آئی اے نجکاری ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی اور سابق مشیر شجاعت عظیم پیش ہوئے۔ ماہرمعاشیات فرخ سلیم نے فاضل عدالت کے سامنے پی آئی اے کا 10 سالہ مالی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2008 سے 2017 تک 45 جہاز لیز پر لیے گئے ، یہ جہاز گرائونڈ ہونے سے 6.67 ارب کا نقصان ہوا۔ ٹکٹوں کی تقسیم سے 5 ارب ڈوبے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پی آئی اے کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ ہر مرتبہ پی آئی اے کے پیسے سے مزے لوٹے جاتے ہیں۔ کس نے ہائوسنگ سوسائٹی بنائی سب معلوم ہے۔ اج چندہ اکٹھا کریں خسارے کے پیسے یہ قوم دے دے گی۔ قوم اپنے جھنڈے کو نیچے نہیں ہونے دیگی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جہاز جرمنی چلا گیا۔ ویڈیوز موجود ہیں ایک شخص کو پیسے دیئے جا رہے ہیں۔ عدالت نے فرخ سلیم کی رپورٹ پر سابق ایم  ڈیز سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے شجاعت عظیم کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہو سکتا ہے خسارے کی تحقیقات کےلیے بنائی کمیٹی کے چیئرمین وہ خود بن جائیں۔ سماعت 2 ہفتے بعد دوبارہ ہو گی۔