Friday, May 17, 2024

قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ لازمی قرار

قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ لازمی قرار
January 3, 2020
لاہور (92 نیوز) کرکٹ کے قومی اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کیلئے فٹنس ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا گیا، فٹنس ٹیسٹ پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کو جرمانہ ہوگا۔ پی سی بی نے بڑا فیصلہ کرلیا، اب صرف سپر فٹ کھلاڑی ہی قومی ٹیم کا حصہ بن سکیں گے، فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کھلاڑیوں پر ماہانہ فیس کا پندرہ فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا، جرمانہ اس وقت تک عائد رہے گا جب تک وہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر لیتے۔ چھ اور سات جنوری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کھلاڑیوں کی چابک دستی ماپنے کیلئے فٹنس ٹیسٹ ہوگا۔ بی پی ایل میں مصروف وہاب ریاض،محمد عامر اور شاداب خان کا فٹنس ٹیسٹ 20 اور 21 جنوری کو ہوگا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے جرمانوں کے نفاذ کا فیصلہ سنٹرل کنٹریکٹ کے مطابق ہے، اس کا مقصد کھلاڑیوں کو مزید ذمہ دار اور جوابدہ بنانا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کی چھ ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کے بھی مستقل بنیادوں پر فٹنس ٹیسٹ ہوں گے، فٹنس ٹیسٹ میں مستقل ناکام کھلاڑیوں کا سنٹرل کنٹریکٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ ختم یا کیٹیگری میں تنزلی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔ سرفرازاحمد سمیت 16 کھلاڑیوں کو فٹنس کیمپ میں طلب کرلیا گیا۔