Thursday, April 25, 2024

قومی انسداد پولیو مہم میں تقریباً 39 ملین بچوں کو قطرے پلائے گئے، ڈاکٹر فیصل سلطان

قومی انسداد پولیو مہم میں تقریباً 39 ملین بچوں کو قطرے پلائے گئے، ڈاکٹر فیصل سلطان
October 4, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ 21 تا 25 ستمبر قومی انسداد پولیو مہم میں تقریباً 39 ملین بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ ترجمان انسداد پولیو مہم کا کہنا ہے کہ مہم میں صوبائی اور ضلعی لیڈر شپ نے بھرپور حصہ لیا۔ٹارگٹ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ کورونا کے بعد پہلی قومی انسداد پولیو مہم مکمل ہوگئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ 21 سے 25 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم  میں تقریباً 39 ملین بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے، ملک بھر میں 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز نے حصہ لیا جس میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مہم میں صوبائی اور ضلعی لیڈر شپ نے بھرپور حصہ لیا جبکہ مہم کی کامیابی میں سکیورٹی اداروں، میڈیکل ایسوسی ایشنز، مذہبی ،سیاسی رہنماؤں نے سمیت سب نے بھرپور کردار ادا کیا۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ”یہ بات قابل ستائش ہے کہ مہم کی کامیابی میں ہر مکتبہ فکر نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور اس کو قومی ذمہ داری سمجھا، مہم میں والدین اور فرنٹ لائن ورکرز کا جذبہ دیکھتے ہوئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہم درست سمت پر گامزن ہیں۔ کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے کہا ہے پولیو وائرس کے تدارک کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات بھی ضروری ہیں۔ ای پی آئی بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔