Saturday, May 11, 2024

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دیدی

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دیدی
August 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے6 ارب 80 کروڑ ڈالر مالیت کے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دیدی، منصوبے پر 6.8 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک اجلاس میں  پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دی گئی، ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے جو پانچ سال میں مکمل ہوگا، منصوبے کے تحت 1872 کلو میٹر کراچی تا پشاور ریلوے ٹریک کی اپگریڈیشن کی جائے گی۔ اس موقعہ پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 1861 میں جو ٹریک بنا اسے آج تک کسی نے ہاتھ نہیں لگایا۔ تاریخ ساز منصوبہ سے تمام ریلوے کراسنگ ختم ہو جائینگی۔ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ پاکستان کی تاریخ بدلنے والا منصوبہ معاشی انقلاب برپا کر دے گا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں ایکنیک کی جانب سے ریلوے کے منصوبے ایم ایل ون کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، پشاور سے کراچی ایم ایل ون منصوبے پر 6.8 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی، جب کہ منصوبے کے تحت حویلیاں ڈرائی پورٹ اور والٹن اکیڈمی کی اپ گریڈیشن بھی ہوگی۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستانی تاریخ کے سب سے بڑے ریلوے منصوبے کی تکمیل کے بعد مسافر ٹرینیں 160 کلومیٹر جبکہ مال بردار گاڑیاں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ اس ریلوے منصوبے پر 672 ارب روپے کا مقامی میٹریل استعمال اور افرادی قوت استعمال ہوگی۔