Friday, April 26, 2024

قومی اقتصادی کونسل نے 1514ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ  کی منظوری دیدی

 قومی اقتصادی کونسل نے 1514ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ  کی منظوری دیدی
June 1, 2015
اسلام آباد(92نیوز)قومی اقتصادی کونسل نے پندرہ سو ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی، اگلے مالی سال کے لیے معاشی شرح نمو کا ہدف پانچ اعشاریہ پانچ فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق  قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف اور وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے شرکت کی۔ اجلاس میں اگلے مالی سال کے لیے 15 سو 14 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی۔ وفاق کے لیے 700 ارب اور صوبوں کے لیے 814 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلے سال کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو کا ہددف 5 .5 فیصد مقرر کیا جائے گا۔ نائنٹی ٹونیوز کو موصول ہونیوالی بجٹ دستاویزات کے مطابق زرعی شعبہ کی ترقی کا ہدف 3.9 فیصد مقررکیا گیا ہے صنعتی ترقی کا ہدف 6.4 فیصد، خدمات کے شعبے میں ترقی کا ہدف 5.7 فیصد اور مینو فیکچرنگ شعبہ کا ہدف 6.1 فیصد مقررکیا گیا ہے۔ بڑی صنعتوں کا پیداواری ہدف 6 فیصد اور بجلی اور گیس کی ترقی کا ہدف بھی 6 فیصد مقررکیا گیا ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق اگلے مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح کا ہدف 6 فیصد اور قومی بچت کا ہدف 16.8 فیصد اور برآمدات کا ہدف 25.5ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔