Thursday, April 25, 2024

قومی اسمبلی کے حلقہ تریسٹھ جہلم میں ضمنی الیکشن کا میدان کل سجے گا

قومی اسمبلی کے حلقہ تریسٹھ جہلم میں ضمنی الیکشن کا میدان کل سجے گا
August 30, 2016
جہلم (92نیوز) مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع۔ انتخاب فوج کی نگرانی میں ہوگا۔ 4 لاکھ 27 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق خطہ پوٹھوہار کے اہم حلقہ این اے 63میں ضمنی الیکشن کل ہے۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رہنما اقبال مہدی کی وفات سے خالی ہوئی تھی۔ یوں تو 4 امیدوار میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مطلوب مہدی اور تحریک انصاف کے فواد چودھری کے درمیان ہے۔ پیپلزپارٹی کے جہانگیر محمود بھی جیت کےلئے پورا زور لگا رہے ہیں۔ تین بڑی جماعتوں کے درمیان ایک آزاد امیدوار بھی موجود ہے۔ 4 لاکھ 27 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں ایک لاکھ 98 ہزار 900 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ این اے 63 کا حلقہ جہلم اور پنڈدادنخان پر مشتمل ہے۔ ریٹرننگ آفیسر جہلم خورشید عالم کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن قانونی اور آئینی مدد فراہم کر رہی ہے۔ ضمنی انتخابات کیلئے 314 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ خواتین اور مردوں کیلئے 95‘ 95 پولنگ سٹیشن ہیں جبکہ 124 مشترکہ پولنگ سٹیشن ہیں۔ پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات ہو گی۔