Thursday, April 25, 2024

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مراد سعید کے پیپلز پارٹی قیادت پر الزامات، اپوزیشن ارکان برہم

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مراد سعید کے پیپلز پارٹی قیادت پر الزامات، اپوزیشن ارکان برہم
March 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں مراد سعید کے شہباز شریف اور پیپلز پارٹی قیادت پر الزامات لگانے پر اپوزیشن ارکان برہم ہو گئے۔ قومی اسمبلی میں آج پھر حکومت اور اپوزیشن کا میچ پڑ گیا۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے توپوں کا رُخ شہبازشریف کی طرف کیا تو اپوزیشن نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ لیگی ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ کھیل داس کوہستان اور شیریں مزاری میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس سے پہلے مراد سعید نے لیگی قیادت پر نشانے بازی کرتے ہوئے کہا جو نوازشریف کی ضمانت دے کر گئے وہ خود آئیں گے یا شاہی سواری بھیج کر بلایا جائے۔ مراد سعید نے کہا ملکی خزانے کی کنجی اس وزیر خزانہ کو دی گئی جو آج ملک سے مفرور ہے۔ مراد سعید کی اس تقریر نے لیگی ارکان کا پارہ چڑھا دیا اور وہ اپنی نشستوں سے اٹھ کر احتجاج اور نعرے بازی  کرنے لگے۔ شور اتناز زیادہ تھا کہ مراد سعید کوشش کے باوجود اپنی تقریر جاری نہ رکھ سکے ۔