Sunday, September 8, 2024

قومی اسمبلی نے مالی سال 21-2020 کے بجٹ کی منظوری دے دی

قومی اسمبلی نے مالی سال 21-2020 کے بجٹ کی منظوری دے دی
June 29, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان بجٹ منظوری کیلئے پارٹی اختلافات ختم کرانے میں کامیاب ، قومی اسمبلی نے مالی سال 21-2020 کے بجٹ کی منظوری دے دی ۔بجٹ منظوری کے دوران ق لیگ سمیت دیگراتحادی جماعتوں کے ارکان ایوان میں موجودرہے۔۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا ۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے  تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ آٹا، ادویات، پٹرول پر وزیر اعظم نے نوٹس لئے تو کیا نتیجہ نکلا ؟، وزیراعظم سے درخواست ہے نوٹس لینا چھوڑ دیں،  بہتر ہوگا وزیراعظم خود کو کورنٹین کر لیں اور کوئی کام نہ کریں۔

قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر مراد سعید نے  اپوزیشن کو مناظرے کا چیلنج دے دیا ،  کہا کہ یہ  وزیراعظم کے سپاہی کا سامنا نہیں کرسکتے، عمران خان سے مناظرہ کیا کریں گے، آپ زرداری کے فرزند ،بھٹو کے نام پر سیاست کرتے ہیں، یہ پرچی کی بنیاد پر سیاست میں آتے ہیں۔

مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان ایوان سےواک آؤٹ کر گئے، اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن کو منانے کی ہدایت کر دی۔

نوید قمر نے کہا کہ  اگر گیلریز کو بھی ایوان کا حصہ بنایا جاتا تو کچھ ارکان وہاں بیٹھ جاتے ۔ خواجہ آصف  نے کہا کہ یقین دہانی چاہتا ہوں کہ کورونا  وائرس کا مریض اس  ایوان میں موجود نہیں ، کیوں کہ اطلاعات ہیں کہ کورونا کے مریضوں کو بھی بلوایا گیا ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ کورونا کا کوئی مریض ایوان میں نہیں ،احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی اچھے ماحول میں آگے بڑھائی گئی ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ  اپنی تقریر میں کہا کہ  بجٹ میں لوگوں کو ریلیف دیں، وزیراعظم نے کہا تھا کہ لیڈر باپ کی طرح ہوتا ہے، وزیراعظم کا برتاؤ بھی باپ کی طرح ہونا چاہیے،عوام کو مہنگائی کی دلدل میں جھونکا جارہا ہے ،پاکستان کے طول و عرض میں مہنگائی تلے عوام مر رہی ہے۔