Friday, May 17, 2024

قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس ، مراد سعید کی تقریر پر اپوزیشن کاا حتجاج

قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس ، مراد سعید کی تقریر پر اپوزیشن کاا حتجاج
February 22, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) قومی اسمبلی کا اجلاس  شروع ہوتے ہی ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا جس کے باعث قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے اجلاس ملتوی کر دیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری، سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے اور گیس قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کو گرفتار کیا گیا لیکن پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کو کون پکڑے گا، نیب آئینی عہدوں پر فائز لوگوں کو ثبوت اور وارنٹ کے بغیر گرفتار کررہا ہے، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا زیادتی ہے۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے عالمی عدالت انصاف میں نوازشریف کا بیان پاکستان کے خلاف ثبوت کے طور پر پیش کرنے کا معاملہ اٹھایا تو اپوزیشن ارکان نے شور شرابا شروع کردیا اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔ اپوزیشن ارکان نے بجلی گیس مہنگی ہائے ہائے کے نعرے لگائے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے  ایوان میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا  اور کہا اپوزیشن نے پارلیمنٹ کو یرغمال بنا لیا. اپوزیشن ارکان  نے گیس کے بلز پھاڑ کر ایوان میں پھینک دیں اور احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے جس پر اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا۔