Tuesday, April 16, 2024

قومی اسمبلی کا اجلاس، اپوزیشن کا زرداری کیلئے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ

قومی اسمبلی کا اجلاس، اپوزیشن کا زرداری کیلئے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ
June 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع ہو گیا۔ اجلاس کے آغاز سے ہی پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان نے سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو ہراساں کیا جا رہا ہے ،نیب کی ٹیم زرداری ہاؤس کے باہر پہنچ چکی ہے ،حکومتی ارکان پر بھی نیب ریفرنسز ہیں ، انہیں کیوں گرفتار نہیں کیا جاتا۔ شازیہ مری نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری کی ہاؤس میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے ،الزامات کی سیاست میں نہ الجھایا جائے ۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے شازیہ مری کے خطاب پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے احتجاج کا احترام کرتے ہیں لیکن نیب کا ادارہ ہماری حکومت نے نہیں بنایا، آصف زرداری کی گرفتاری عدالت کا فیصلہ ہے ،حکومت اس معاملے پر کچھ نہیں کر سکتی ۔ راجہ پرویز اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ سابق صدر آصف زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے خواہشمند ہیں ،انہیں ہاؤس میں آنے سے روکا جا رہا ہے ،اسپیکر کو مطلع کئے بغیر گرفتاری غیر قانونی ہے ۔ راجہ پرویز اشرف نے آصف زرداری کے پروڈکشن  آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کو ہاؤس کے سربراہ کی حیثیت سے کردار ادا کرنا ہوگا۔