Friday, May 3, 2024

قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس، ارکان کی تنخواہوں اور الاؤنسز پر چار کروڑ چھبیس لاکھ روپے کے اخراجات

قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس، ارکان کی تنخواہوں اور الاؤنسز پر چار کروڑ چھبیس لاکھ روپے کے اخراجات
July 25, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) قوم کے منتخب نمائندوں کی اسمبلی کارروائی اور عوام سے دلچسپی کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ کئی ارکان قومی اسمبلی بجٹ اجلاس کے دوران مسلسل ایوان سے غیر حاضر رہے لیکن تنخواہوں اور الاوئنسز کی مد میں لاکھوں روپے وصول کرنا نہیں بھولے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس میں تین سو اکتالیس میں سے صرف اکتیس ارکان اسمبلی ایسے تھے جو پورے بجٹ اجلاس میں شریک رہے جن میں اسپیکر ایاز صادق، شیخ آفتاب، کیپٹن صفدر، طاہرہ اورنگزیب، عبدالستار بچانی اور دیگر شامل ہیں جبکہ وزیراعظم نوازشریف پندرہ روزہ اجلاس کے دوران صرف چار دن تھوڑی دیر کیلئے ایوان میں تشریف لائے۔ بعض ارکان تو ایسے تھے جنہوں نے بجٹ اجلاس میں شرکت کی زحمت بھی گوارا نہ کی۔ ذرائع کے مطابق جو ارکان پورے اجلاس کے دوران ایک بار بھی ایوان میں نہیں آئے ان میں حمزہ شہباز، عمران خان، امین فہیم، فہمیدہ مرزا اور علیزے اقبال شامل ہیں جبکہ وفاقی وزرا میں سردار یوسف اور شاہد خاقان عباسی آٹھ دن اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف سات، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق چھے دن اجلاس سے غیرحاضر رہے جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ صرف دو دن غیرحاضر ہوئے۔ بجٹ اجلاس کے حوالے سے تمام ارکان کو تنخواہوں اور اعزازئیے کی مد میں سوا لاکھ فی کس دئیے گئے۔