Saturday, May 11, 2024

قومی اسمبلی کا اجلاس مختصر نوٹس پر کیوں بلایا؟ اپوزیشن کی تنقید

قومی اسمبلی کا اجلاس مختصر نوٹس پر کیوں بلایا؟ اپوزیشن کی تنقید
January 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن نے قومی اسمبلی کا اجلاس مختصر نوٹس پر بلانے پر حکومت پر تنقید کر دی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ارکان کو رات گئے پتہ چلا کہ اجلاس جمعہ کو صبح ساڑھے 10 بجے ہے۔ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کیوں نہیں کر رہی۔

پیپلزپارٹی کے رکن نوید قمر کا کہنا تھا کہ اجلاس مختصر نوٹس پر بلانے سے ارکان کو اسلام آباد پہنچنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

وقفہ سوالات کے دوران وزارت مواصلات نے موٹروے پر جرائم کی تفصیلات پیش کیں جس کے مطابق 4 سال میں 37 واقعات ہوئے۔ موٹروے ایم ون پشاور رشکئی سیکشن اور ایم ٹو کالا شاہ کاکو لاہور سیکشن سب سے غیر محفوظ ہے۔

دوران اجلاس رکن قومی اسمبلی پیر نور محمد شاہ جیلانی ، شہباز شریف کی والدہ ، پرویزمشرف کی والدہ ، سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی اور ایاز شاہ شیرازی کے والد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس پیر کی سہ پہر 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔