Friday, May 17, 2024

قومی اسمبلی کا اجلاس جعلی، اعتماد کا ووٹ تسلیم نہیں کرتے، فضل الرحمن

قومی اسمبلی کا اجلاس جعلی، اعتماد کا ووٹ تسلیم نہیں کرتے، فضل الرحمن
March 6, 2021

سکھر (92 نیوز) چیئرمین پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمن نے کہا، قومی اسمبلی کا جعلی اجلاس بلایا گیا ہم اعتماد کے ووٹ کو تسلیم نہیں کرتے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا، بداخلاقیوں سے ملک نہیں چلا کرتے، آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، الیکشن سے پہلے قوم کو جھانسہ دیا گیا، عوام اب مزید دھوکے نہیں کھائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا ایک ایک کو اُٹھا اُٹھا کر ممبران کی حاضری کس نے لی ہم جانتے ہیں۔ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ ڈی چوک پر ملازمین نے کونسی کرپشن کی تھی کہ آپ نے ان کو مارا؟۔

انہوں نے کہا، آج پھر وہی پرانی باتیں الاپی گئیں، کبھی کہا ریاست مدینہ آئیڈیل ہے، کبھی چین کا نظام تو کبھی کہا امریکا کا نظام ہونا چاہیے۔ تمام شعبے اس وقت ناکارہ ہوچکے ہیں۔

مولانا بولے کہ، عمران خان کہتے تھے دنیا آئے گی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی، یہاں سرمایہ کاری کیلئے کوئی موقع نہیں۔ خطے کے ممالک پاکستان کیساتھ تعلق بنانے کو تیار نہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا، ملک کو تباہی کی طرف لے جانے کا وقت ختم ہوچکا، تنہائی سے پاکستان کو نکالنے کیلئے نیا الیکشن کروانا ہوگا۔ ملک خطابت کیساتھ نہیں عقل کیساتھ چلاکرتے ہیں، ہم نے جو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے وہ کہیں گے۔ پی ڈٰی ایم کی تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔