Thursday, April 25, 2024

قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل میں سینیٹ کی ترامیم شامل کرنے کی منظوری دیدی

قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل میں سینیٹ کی ترامیم شامل کرنے کی منظوری دیدی
March 11, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل میں سینیٹ کی ترامیم شامل کرنے کی منظوری دے دی ، اب اطلاق پورے ملک میں ہو گا۔اپوزیشن نے  قانون پر عملدرآمد پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ، اسلامی نظریاتی کونسل نے بل کا نام تبدیل کرنے کی سفارش کر دی۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ،  وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے زینب الرٹ بل  کو   جوابی ردعمل اور بازیابی منظوری کیلئے پیش کیا ، انہوں نے  بتایا کہ سینیٹ نے زینب الرٹ بل کے آرٹیکل 70کی شق 2میں ترمیم کی سفارش کی جس کے بعد اب بل کا اطلاق صرف وفاقی دارالحکومت میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں ہوگا۔ لیگی رہنما خواجہ آصف نے بل میں ترامیم کو سراہا لیکن عملدرآمد پر شکوک و شہبات کا اظہار کیا کہا کہ بچوں کے حقوق سے متعلق پہلے بھی قانون سازی ہوچکی لیکن قانون سازی کے ساتھ عملدرآمد نہ ہو تو کیا فائدہ۔ ایوان نے بل میں سینیٹ کی ترامیم شامل کرنے کی منظوری دے دی ،  دوسری جانب اسلامی نظریاتی کونسل نے زینب الرٹ بل کا نام تبدیل کرنے کی تجویز دے دی ، کونسل اجلاس میں ارکان نے موقف اپنایا کہ زینب کا خاندان اس حادثے کو کبھی بھول نہیں پائے گا اور دباؤ کا شکار رہے گا جبکہ بچوں پر بھی اس کے برے اثرات پڑیں گے  ، بچے ہمیشہ زینب الرٹ بل کے بارے میں سوال کیا کریں گے یہ بل ایک نام پر کیوں بنا، بہتر ہوگا اس کا نام تبدیل کردیا جائے۔