Friday, April 26, 2024

قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور

قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور
October 26, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف حکومت اور اپوزیشن الگ الگ قراردادیں لے آئیں، اپوزیشن نے اپنی قرارداد پر ووٹنگ نہ ہونے پر اسمبلی میں شور شرابہ شروع کردیا۔ اسپیکر کو دس منٹ کیلئے اجلاس ملتوی کرنا پڑا، بعد میں حکومت کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ اپوزیشن گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر بھی سیاست کرنے لگی،اجلاس شروع ہوا تو مائیک وزیر خارجہ کو ملنے پر اپوزیشن ارکان نشستوں سے اُٹھ گئے۔ ڈپٹی اسپیکر نے خواجہ آصف کو بولنے کا موقع دیا تو انہوں نے گستاخانہ خاکوں کیخلاف قرارداد پیش کی تاہم اس پر ووٹنگ نہ ہوسکی۔ خواجہ آصف کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب شروع کیا تو اپوزیشن نے ووٹنگ ووٹنگ کے نعرے لگانا شروع کر دیئے۔ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے احتجاج پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا، بولے ایوان کی حرمت سیٹیاں بجا کر بحال ہوتی ہے یا پامال؟، گستاخانہ خاکے سیاست سے بالاتر ہیں۔ اسدعمر نے اپیل کی کہ ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں اس معاملے پر متفق ہوجائیں ، اس پر بھی متفق نہ ہوئے تو ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے گستاخانہ خاکوں کیخلاف قرارداد پیش کی لیکن یہ قرار داد بھی منظور نہ ہوسکی جس پر  ڈپٹی اسپیکر کو دس منٹ  کیلئے اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو مشترکہ قرار داد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔