Friday, April 26, 2024

قومی اسمبلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور
February 4, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان ایک بیج پر آ گئے۔ قومی اسمبلی نے کشمیریوں سے اظہار یکجتہی اور بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد متقفہ طور پر منظور کرلی۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین کمشیر کمیٹی فخر امام نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ، بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منطور کر لیا گیا۔ انیس نکاتی قرارداد میں  بھارتی بربریت، کشمیری رہنماوں کی گرفتاریوں کی مذمت، انہیں فوری رہا کرنے ، بھارت سے پانچ اگست کے یکطرفہ اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرار دیا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ ایوان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عالمی تحقیقات اور کشمیر میں کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق استصواب رائے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا اجلاس فوری طور پر بلایا جائے ۔ ایوان نے کشمریوں کی حمایت کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ دوران اجلاس حکومتی ارکان نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کا دفاع کیا۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ بھارت اگر جنگ چاہتا ہے تو لڑنا ہمیں بھی آتا ہے۔ ہم امن چاہتے ہیں لیکن عزت کا سودا نہیں کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے شکوہ کیا اور کہا وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کو بہت آگے لے کر گئے ہیں لیکن ہمارے ادارے خصوصاً وزارت خارجہ پوری طرح وزیراعظم کو سپورٹ نہیں کر سکی۔ اپوزیشن ارکان نے کشمیر پر متفقہ پالیسی اپنانے کا مشورہ دیا اور عالمی براداری کیطرف دیکھنے کی بجائے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔