Saturday, April 27, 2024

قومی اسمبلی میں مندر حملے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

قومی اسمبلی میں مندر حملے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور
August 6, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی میں مندر حملے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔ پیش کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مندر واقعہ کی مذمت کرتا ہے۔ ایوان اعادہ کرتا ہے کہ مندر واقعہ پر پوری قوم اقلیتوں کے ساتھ ہے۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم نے مندر کی بےحرمتی کے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ پورا ملک اور حکومت ہندو برادری سے اظہار ہمدردی کرتی ہے۔ پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان کے جھنڈے میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہمارے لیے ضروری ہے۔ مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا ہونی چاہیے۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مستبقل ایک ترقی کرنے والے ملک کا ہے، خوشی ہے وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان نے مندر پر حملے کا نوٹس لیا۔