Friday, March 29, 2024

قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات بل نہ لانے پر اپوزیشن کا واک آﺅٹ

قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات بل نہ لانے پر اپوزیشن کا واک آﺅٹ
December 13, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات بل نہ لانے پر اپوزیشن نے واک آﺅٹ کر دیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس کے آغاز میں ایوان کے اندر حکومت کے 16 اور اپوزیشن کے 14 ارکان موجود تھے۔ صرف ایک وزیر عبد القادر بلوچ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اپوزیشن نے فاٹا اصلاحات بل نہ لانے پر واک آﺅٹ کی دھمکی دی تو سپیکر نے گزارش کی کہ واک آﺅٹ مت کریں۔
اس پر نوید قمر بولے کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات بل کو ایجنڈے سے نکال کر پارلیمنٹ کی توہین کی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن کے فیصلے پر متفق ہیں۔ واک آﺅٹ کرینگے۔
دوسری طرف شیخ رشید نے کہا کہ حکومت بل کیوں نہیں لا رہی۔ صرف 2 جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کی توہین کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں شور مچا ہوا ہے کہ داعش جو افغانستان میں اپنے پنجے گاڑ رہی ہے وہ پاکستان میں بھی اپنا نیٹ ورک بچھا رہی ہے۔
دوران اجلاس فاٹا ارکان نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر سپیکر نے اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا۔