Tuesday, May 21, 2024

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں سانحہ پشاور بارے قرارداد متفقہ طور پر منظور

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں سانحہ پشاور بارے قرارداد متفقہ طور پر منظور
December 16, 2015
اسلام آباد (92نیوز) آرمی پبلک سکول کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں شروع ہوا تو پہلی بار قواعد میں تبدیلی کرتے ہوئے تلاوت کلام پاک کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پڑھی گئی۔ بعدازاں سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے وقفہ سوالات کو معطل کیاگیا اور متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایوان سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداءسمیت تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتاہے۔ یہ ایوان مطالبہ کرتاہے کہ 16 دسمبر کے یوم کو بچوں کے نام سے منسوب کیا جائے‘ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے‘ دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے۔ بعدازاں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ دریں اثنا حکومتی و اپوزیشن ارکان نے سانحہ اے پی ایس کے شہداءکو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی نے سقوط ڈھاکہ کا تذکرہ بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔ اپوزیشن ارکان نے حکومت کو آج بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر صحیح معنوں میں عملدرآمد نہیں ہورہا جبکہ اتحادی جماعتوں کے ارکان اعجازالحق اور جے یو آئی کی آسیہ ناصر نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی کےلئے وزیراعظم جلد از جلد پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس بلائیں۔ سانحہ اے پی ایس پر بحث جاری تھی کہ ڈپٹی سپیکر نے اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا۔ دوسری جانب سینیٹ میں بھی سانحہ اے پی ایس کے بارے میں قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔