Tuesday, May 14, 2024

قومی اسمبلی میں تاجدارختم نبوتؐ اور لبیک یارسول اللہؐ کے نعرے، اپوزیشن کا اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ

قومی اسمبلی میں تاجدارختم نبوتؐ اور لبیک یارسول اللہؐ کے نعرے، اپوزیشن کا اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ
April 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی میں تاجدارختم نبوتؐ اور لبیک یارسول اللہؐ کے نعرے، گفتگو کا موقع نہ دینے پر اپوزیشن نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا۔

نعرہ بازی اور شور شرابا، قومی اسمبلی کا اجلاس نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا، انتہائی اہم ایشو پر بات ہونا تھی لیکن اجلاس شروع ہوتے ہی بدنظمی کا شکا ہو گیا۔ بات کرنے کا موقع نہ دینے پر اپوزیشن نے ایوان میں خوب ادھم مچایا، فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے معاملے پر قومی اسمبلی میں بحث نہ ہوسکی۔ اپوزیشن ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے شور مچاتے رہے۔

نکتہ اعتراض پر بولنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور شور مچانا شروع کردیا۔

حکومت اور اپوزیشن ارکان نے تاجدار ختم نبوتﷺ اور لبیک یا رسول اللہﷺ کے نعرے لگائے، فرانسیسی سفیر کے حوالے سے پلے کارڈ بھی ڈسپلے ہوا۔

ن لیگی رکن اسمبلی احسن اقبال نے کہا، حکومت نے اسمبلی ایجنڈے سے اہم ترین قرارداد کو نکال دیا۔ ناموس رسالتﷺ پر بات کرنا چاہتے تھے تو وقفہ سوالات کی کیا ضرورت؟۔

شاہد خاقان نے کہا، کوئی بات نہیں کرنے دے گا تو عزت نہیں کروں گا، حکومت ناموس رسالت ﷺپر بحث سے گریزاں ہے۔ پرویز اشرف نے کہا کس قانون کے تحت ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دیا گیا۔

شورشرابے اور ہنگامہ آرائی کے باعث ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود نے حکومت کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کو معاہدہ پورا کرنے کا کہہ رہی ہے۔ بین الاقوامی برادری کو کہا جاتا ہے ہمارا قرارداد سے کوئی تعلق نہیں، معلوم نہیں وزیر اعظم قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں یا بین الاقوامی برادی کو۔