Thursday, September 19, 2024

پی ٹی آئی کے اسد قیصر اپوزیشن کے خورشید شاہ کو شکست دیکر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب

پی ٹی آئی کے اسد قیصر اپوزیشن کے خورشید شاہ کو شکست دیکر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب
August 15, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر  پندرہویں قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہو گئے ۔اسد قیصر نے اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ۔اسد قیصر متحدہ اپوزیشن کے امیدوار خورشید شاہ  کو شکست دے کر   اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ سردار ایاز صادق نے اسد قیصر سے حلف لیا۔ اسدقیصر کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار خورشید شاہ نے 146ووٹ حاصل کئے، 342کے ایوان میں 330ارکان اسمبلی نے حق رائے دہی استعمال کیا، جن میں سے آٹھ ووٹ مسترد ہوئے۔ ایازصادق نے نومنتخب اسپیکر اسدقیصر سے حلف لیا، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر روسٹرم کا گھیراؤ کر لیا اور شدید نعرے بازی بھی کی۔  نومنتخب اسپیکر اسد قیصر نے احتجاج کے باعث ایوان کی کارروائی 15 منٹ کیلئے مؤخر کردی ۔ نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر منتخب ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ۔  ان کا کہنا تھا کہ یہ سیٹ ملک کی امانت ہے، اپوزیشن کےساتھ بیٹھ کر آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔ اسدقیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بھی ریفارمز ترجیح ہوں گی، وہ ایوان کے ڈیکورم کو برقرار رکھیں گے۔