Saturday, May 11, 2024

قومی اسمبلی اجلاس، حکومت اور اپوزیشن شہبازشریف کے 5 ایشوز پربحث کرانے پر متفق

قومی اسمبلی اجلاس، حکومت اور اپوزیشن شہبازشریف کے 5 ایشوز پربحث کرانے پر متفق
June 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن چینی اسکینڈل، کورونا، ٹڈی دل جہاز حادثہ پر بحث کرانے پر متفق ہوگئے، بولنے کی اجازت نہ ملنے پر حکومتی ارکان نے علامتی واک آؤٹ کیا۔ ثنا اللہ خان مستی خیل اپنی حکومت پر برسے، ریاض فتیانہ نے کہا کورونا وائرس کا جو ٹرینڈ ہے اس سے 3 کروڑ پاکستانی شکار ہوسکتے ہیں۔ اسپیکر اسد قیصر کی کوششوں سے حکومت اور اپوزیشن قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خط کے مطابق پانچ ایشوز پر بحث کرانے پر متفق ہوگئیں، اجلاس میں وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام نے کہا ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے آٹھ ہزار فوجی جوان آٹھ ہیلی کاپٹرز اور تین جہاز سپرے کررہے ہیں چین سے ڈرون بھی جلد آرہے ہیں۔ خواجہ آصف، راجہ پرویزاشرف اور احسن اقبال نے خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کا مسئلہ اٹھایا اور ہنگامی فلائٹس چلانے کا مطالبہ کیا۔ وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے اعلان کیا کہ کراچی جہاز حادثہ کی رپورٹ پرسوں ایوان میں پیش کی جائے گی، اجلاس میں حکومتی ارکان نے بولنے کی اجازت ملنے پر علامتی واک آوٹ کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں حکومتی رکن ثنا اللہ مستی خیل اپنی حکومت پر برسے، بولے اگر کسانوں کے لئے کچھ نہ ہواتو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر دھرنا دے سکتے ہیں۔ نکتہ اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا دس دن کی پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ ملک میں موجود ہیں پانچ فیصد پیٹرول پمپس ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں جن کے لائسنس منسوخ کرنے کا کہہ دیا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس دس جون دن گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔