Friday, May 17, 2024

قومی اسمبلی اجلاس ، اسرائیلی بربریت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

قومی اسمبلی اجلاس ، اسرائیلی بربریت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور
May 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مسجد اقصی پر اسرائیلی بربریت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔

قومی اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس فلسطین کے نام کرنے کا اعلان کیا۔ متفقہ منظوری کی جانے والی قرار داد میں کہا گیا کہ بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی اور زبردستی انخلاء کا عمل بند کرائے۔ اسرائیلی مظالم پر جنگی جرائم کے تحت مقدمات چلائے جائیں۔ او آئی سی فیصلہ کن اقدامات کے ذریعہ فلسطینیوں کی مدد کرے۔

قرار داد پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے جمعہ کو یوم القدس منانے اور حکومت سے آگے بڑھ کر کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہا کہ ہماری پہلی ذمہ داری فلسطین میں سیز فائر کرانا ہے۔ سلامتی کونسل اور او آئی سی میں پاکستان کے تاریخی موقف پر رجحان بڑا واضح دکھائی دے رہا تھا۔ پاکستان، ترکی، سوڈان اور فلسطین ملکر امریکہ جارہے ہیں۔

قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا عبد الاکبر چترالی بولے مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے اور امت مسلمہ خاموش ہے۔ وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں ہونے والے مظالم کا درد پوری امت مسلمہ محسوس کر رہی ہے۔ فلسطین کی آزادی تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔