Thursday, April 25, 2024

قومی ادارے کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر وزیراعظم مستعفی ہوں ، شہباز شریف

قومی ادارے کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر وزیراعظم مستعفی ہوں ، شہباز شریف
July 16, 2020
لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا قومی ادارے کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر وزیراعظم مستعفی ہوں۔ شہباز شریف نے کہا ڈی جی سول ایوی ایشن کے خط نے وزیراعظم، کابینہ اور متعلقہ وزیر کو جھوٹا ثابت کر دیا ۔ وزیراعظم اور وزیر کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ ملک کے اربوں روپے کے نقصان کا ذمہ دار وزیراعظم ہے۔ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا، یہ ہوتا ہے اختیارات کا ناجائز استعمال۔ یہ ہوتی ہے کرپشن۔ دنیا سوال پوچھے گی کہ جس رپورٹ کی بنیاد پر یہ دعوی کیا گیا، اس کی ساکھ کیا ہے۔ دنیا سوال پوچھے گی کہ جب وزیراعظم کی اجازت سے وزیر ایوان میں بیان دے تو وہ کس پر اعتبار کرے؟ وزیر نے جھوٹا بیان دے کر پارلیمان میں غلط بیانی کی تو اس کی سزا کسے ملنی چاہئے؟ وزیراعظم اور ان کے وزیر کی حماقت سے پی آئی اے کو پہنچنے والے مالی نقصانات کا ازالہ کون کرے گا؟ شہباز شریف نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے روزگار اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ ازالہ کون کرے گا؟ پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی، اس کی بھی تو کسی کو سزا ملنی چاہئے؟ پائلٹ نہیں یہ حکومت ، وزیراعظم اور وزیر جعلی ہیں۔ معیشت کریش کرنے والوں نے پی آئی اے اور اس کی ساکھ بھی کریش کر دی۔ ملک کا نام بدنام کرنے والے جعلی حکمرانوں نے قوم کا سکون چھینا، جعلساز حکمران سزا کے مستحق ہیں۔