Wednesday, May 8, 2024

قومی ادارہ صحت کی پاکستان میں اومی کرون وائرس کی تصدیق

قومی ادارہ صحت کی پاکستان میں اومی کرون وائرس کی تصدیق
December 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں اومی کرون وائرس کی تصدیق کردی۔

این آئی ایچ کے مطابق کراچی کے شہری میں اومی کرون کا ویرینٹ ہے، مشتبہ نمونوں کی تشخیص کیلئے مسلسل نگرانی جاری ہے۔ کورونا وائرس کے سنگین اثرات سے بچاو کیلئے ویکسی نیشن لازمی ہے۔

ادھر دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں ایک مشتبہ نمونہ اومی کرون ویرینٹ کا ہے۔ یہ پہلا تصدیق شدہ کیس ہے لیکن رجحانات کی شناخت کے لیے شناخت شدہ نمونوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں اومی کرون ویرینٹ کی حالیہ تصدیق کے بعد، موجودہ اور نئی اقسام کے سنگین اثرات سے بچانے کے لیے عوام ویکسین کے عمل کو مکمل کروائے۔

وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر رانا جواد نے کہا ہے کہ دنیا کے سات سے زائد ممالک میں اومی کرون کے کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ " اومی کرون جیسے وائرس کو روکا نہیں جا سکتا۔ یہ دیگر اقسام کے مقابلے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اومی کرون ان لوگوں پر بھی حملہ کرتا ہے جو پہلے ہی متاثر ہو چکے ہیں۔ اومی کرون کی علامات پہلی قسم کی طرح ہیں۔ سردیوں کے موسم میں یہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے۔ رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور فیس ماسک کا استعمال کریں۔"