Friday, April 26, 2024

قوم کے بہادر سپوت حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا آج 20 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے

قوم کے بہادر سپوت حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا آج 20 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے
July 7, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) دفاع پاکستان کے عظیم فریِضہ کی انجام دہی میں جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے بہادرسپوت حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کی 20 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے ۔ 1965 کی جنگ ہو یا کارگل کا محاذ، قوم کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاک دھرتی کو ہمیشہ شاد و آباد رکھا ہے۔ ایسی ہی ایک مثال حوالدار لالک جان شہید کی ہے جہنوں نے کارگل جنگ میں دشمن کو ایسی کاری ضرب لگائی جو وہ صدیوں تک یاد رکھے گا۔ حوالدار لالک جان نے دشمن کیخلاف رضاکارانہ خدمات پیش کر دیں۔ اپنی یونٹ  ناردن لائٹ انفنٹری پہنچے ۔ کیپٹن کرنل شیر خان کیساتھ جنگ میں شریک ہوئے ۔ حکم ملا تو درجن بھر ساتھیوں کیساتھ مشکوہ نلہ کی پوسٹ پر بحیثیت پوسٹ کمانڈر ذمہ داری سنبھالی ۔ حوالدار لالک جان اور اُن کے ساتھی 2 سے 6 جولائی تک دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے ۔ منفی 30 درجہ حرارت یخ بستہ ہواﺅں اور جان لیوا زخموں کے باوجود کمال جرات کا مظاہرہ کرتے  ہوئے مرد مجاہد نے  کئی گھنٹے ہلکی مشین گن سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ۔ حملوں میں تیزی آئی تو حوالدار لالک شدید زخمی ہو گئے  لیکن مورچہ چھوڑنے پر تیار نہ ہوئے ۔ 7 جولائی 1999ء کو دفاع وطن کے عظیم فریضہ کی انجام دہی میں پاک فوج کا یہ بہادر سپوت جام شہادت نوش کر گیا۔ حوالدار لالک جان کی بہادری و شجاعت کے اعتراف پر انہیں نشان حیدر سے نوازا گیا ۔