Sunday, May 12, 2024

قوم کیلئے مشکل وقت آنیوالا ہے، کورونا جولائی کے آخر یا اگست میں انتہا پر ہوگا، وزیر اعظم

قوم کیلئے مشکل وقت آنیوالا ہے، کورونا جولائی کے آخر یا اگست میں انتہا پر ہوگا، وزیر اعظم
June 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے پھر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کیلئے بڑا مشکل وقت آنے والا ہے، پاکستان میں کورونا کی وباء جولائی کے آخر یا اگست میں انتہا پر پہنچے گی، اگر احتیاط کرلی تو امیر ملکوں جیسی تباہی نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم نے کورونا وائرس پر اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کورونا کو سنجیدگی سے لیں اور ایس اوپیز پر عمل کریں۔ لاک ڈاؤن کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ کورونا ختم ہو جائے گا، لاک ڈاؤن سے پاکستان میں لوگ بہت مشکل وقت سے گزرے، لوگ احتیاط کریں، ماسک پہنیں۔ دیہاڑی دار طبقے کے گھروں میں بھوک ہے، اللہ کا شکر ہے ہم نے بڑی تعداد میں لوگوں کو شفاف طریقے سے امداد دی۔ انہوں نے کہا کہ اب ساری دنیا نے لاک ڈاؤن کھول دیا ہے، امیرترین ملک بھی فیصلہ کرچکے ہیں کہ لاک ڈاؤن کو زیادہ دیر برداشت نہیں کیا جاسکتا، امریکا میں ایک لاکھ سے زیادہ اموات ہوچکیں لیکن وہاں بھی ملک کو کھول دیا گیا، امریکا نے ملک کو ایس اوپیز کے تحت کھولا ہے، ایس اوپیز پر عمل کرنے سے کورونا آہستہ پھیلے گا، ہم جانتے ہیں کورونا پھیلے گا لیکن ہم چاہتے ہیں اس کی رفتار سست ہو، کورونا کی رفتار سست ہونے سے اسپتالوں پر زیادہ بوجھ نہیں پڑے گا، اگر ہم احتیاط کریں گے تو ہم کورونا کو مینج کرلیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے اور اپنے بزرگوں کے لیے احتیاط کریں، میں دیکھ رہا ہوں کہ ہم جتنا بھی لوگوں کو کہہ لیں لوگ اسے سنجیدہ ہی نہیں لے رہے، اگر ہم اسی طرح بے احتیاطی کرتے رہے تو ہم سب کی زندگی خطرے میں ڈالیں گے، آپ جب بھی باہر نکلیں ماسک ضرور پہنیں، ماسک کی وجہ سے کورونا پھیلنے کا خدشہ 50 فیصد کم ہو جاتا ہے، ہم نے ہر شعبے میں ایس اوپیز دیئے ہیں، اسے سنجیدہ لینا چاہئے، اگر ہم نے ابھی احتیاط نہ کی تو ہم اپنے آپ کو مشکل میں ڈالیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم اسی مہینے میں ایک ہزار آکسیجن بیڈز پورے پاکستان میں لے آئیں گے، ہم نے ایپ بھی لانچ کی ہے جس کا نام ’’پاک نگہبان‘‘ ہے، اس ایپ پر جا کر آپ معلوم کرسکتے ہیں کس اسپتال میں کتنے بیڈز دستیاب ہیں، میں امید کرتا ہوں قوم ایس اوپیز کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اپنے ملک کو مشکل سے بچائے گی۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ کورونا جس طرح مغربی ممالک میں پھیلا، اللہ نے ہمیں اس سے بچایا ہوا ہے۔ اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو ہم پر بھی وہ برا وقت آسکتا ہے جو اس وقت برازیل اور یورپ میں ہے، جب پاکستان میں کورونا پیک پر آئے گا۔ انشاء اللہ ہم اسے برداشت کرلیں گے۔