Monday, May 13, 2024

قوم کو 74 واں یوم آزادی مبارک، ایوان صدر میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب کا انعقاد

قوم کو 74 واں یوم آزادی مبارک، ایوان صدر میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب کا انعقاد
August 14, 2020
کراچی / لاہور / اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستانی قوم آج 74 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے، ایوان صدر میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب کا انعقاد ہوا۔ صدرمملکت عارف علوی نے خطاب میں کہا کہ 74 سال میں قوم نے آزمائشوں سے بہت کچھ سیکھا، ہم نے دنیا کو سکھایا کہ دہشتگردی کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے۔ کورونا کے معاملے پر بھی دنیا نے ہم سے سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، مقدمہ لڑتے رہیں گے۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وفاقی وزرا سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدارن نے شرکت کی۔  پاکستان کے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر زندہ دل قوم نے دھرتی سجا دی۔ گریٹر اقبال پارک، سی ویو اور دیگر مقامات پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ جس سے آسمان روشنیوں سے جگمگا گیا۔ کراچی میں جشن آزادی منانے کیلئے عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا۔ گوادر میں بھی آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوا۔ جمرود میں تاریخی باب خیبر پر آتش بازی سے آسمان روشن ہو گیا۔  یوم آزادی پر باب خیبر، گھنٹہ گھر سمیت شہر شہر سرکاری و غیرسرکاری عمارتیں سج گئیں۔ یوم آزادی کے موقع پر ہرطرف سبز ہلالی پرچم کی بہار نظر آرہی ہے، عمارات، گلیوں اور گھروں کو برقی قمقموں، پرچم اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ بچے اور بڑے سب ایک رنگ میں رنگے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ بارہ بجتے ہی مختلف شہروں میں آتش بازی شروع ہو گئی ، ساتھ فائرنگ کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جشن آزادی شروع ہوتے ہی ملک بھر میں نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، سڑکوں پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور رقص کیا۔ لاہور میں مینار پاکستان پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جسے دیکھنے کے لیے پہلے سے لوگوں کی بڑی تعداد اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود تھی۔ منچلوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور بھنگڑے ڈالے۔ کراچی میں مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی اور قومی ترانے بجائے گئے۔ شہر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، نوجوانوں نے سی ویو کا رخ کیا جب کہ جگہ جگہ رک کر رقص کرنا شروع کردیا۔