Saturday, April 20, 2024

قوم پرست رہنما افضل خان لالہ خالق حقیقی سے جا ملے

قوم پرست رہنما افضل خان لالہ خالق حقیقی سے جا ملے
November 1, 2015
راولپنڈی (92نیوز) مدبر سیاستدان، بزرگ رہنما اور سابق وفاقی وزیر افضل خان لالہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ افضل خان لالہ قوم پرست رہنما خان عبدالولی خان کے قریبی ساتھی تھے۔ ان کا جنازہ آج سہ پہر ساڑھے چار بجے ادا کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق افضل خان لالہ راولپنڈی میں زیر علاج تھے اور وہ گزشتہ رات انتقال کر گئے۔ مرحوم سوات کے پہلے سیاستدان تھے جنہوں نے سوات آپریشن سے قبل حالات کشیدہ ہونے کے باوجود طالبان کے خلاف آواز اٹھائی اور آپریشن کے دوران بھی سوات چھوڑ کر نہیں گئے۔ ان کو طالبان نے کئی بار نشانہ بنایا مگر وہ محفوظ رہے۔ وکالت کی ڈگری رکھنے والے افضل خان لالہ 1988ءمیں ایم پی اے اور 1993ءمیں ایم این اے منتخب ہوئے۔ بعد میں وہ سینیٹر بھی بنے۔ بے نظیر بھٹو کے دور میں وہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر بنائے گئے۔ عرصہ دراز تک عوامی نیشنل پارٹی سے وابستہ اور تھنک ٹینک کا حصہ رہے۔