Thursday, April 25, 2024

قوم جاگ رہی ہے اسی لئے بھارتی طیارے ہتھیار چھوڑ کر بھاگ گئے ، حلیم عادل شیخ

قوم جاگ رہی ہے اسی لئے بھارتی طیارے ہتھیار چھوڑ کر بھاگ گئے ، حلیم عادل شیخ
March 2, 2019
کراچی ( 92 نیوز) سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بھارتی طیارے آئے مگر دم دبا کر بھاگ گئے ، پوری قوم جاگ رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ  دشمن کو ہتھیار چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔ مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت ہمیشہ سے ایل او سی کی خلاف ورزی کرکے شہریوں کو نشانہ بناتاہے،  ہم نے ہمیشہ انسانیت کو ملحوظ خاطر رکھاہے ہر بار کہتے ہیں اب کچھ کرکے دکھاؤپھر بتائیں گے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ  قوم فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ہر شہری فوجی ہو گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے  لائن آف کنٹرول پر بھارتی طیارے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت  کی گئی  اور کہا گیا کہ عالمی برادری خطے کے امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا کہ   پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی پر قوم کو فخر ہے، بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے  دشمن کے ساتھ رہ رہے ہیں جوازلی دشمن ہے ۔ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان فوج مضبوط فوج ہے،عمران خان  فوری طورپرپارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر اے پی سی بلائیں ۔ سلمان رفیق نے مزید کہاکہ مودی پر جنگی جنون سوار ہے ایسے واقعات کے تدارک کےلیے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس معاملےپر اکٹھا ہوناچاہئے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان اور سینیٹر مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ  مودی خطے کو ایٹمی جنگ کی جانب دھکیل رہ اہے ، صرف اپنے الیکشن کو سیدھا کرنے کیلئے جنگ کی آگ سے کھیلا جارہا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے خلاف پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے،  قوم سیاسی اختلافات بھلا کر بھارتی حکومت کے جنگی جنون کے خلاف متحد ہے۔