Sunday, May 12, 2024

قوم اسلام آباد نہیں، راولپنڈی کی طرف بڑھے گی، ہمیں چائے پر نہ ٹرخایا جائے، فضل الرحمن

قوم اسلام آباد نہیں، راولپنڈی کی طرف بڑھے گی، ہمیں چائے پر نہ ٹرخایا جائے، فضل الرحمن
January 11, 2021

مالاکنڈ (92 نیوز) پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے قائد مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے قوم اسلام آباد نہیں، راولپنڈی کی طرف بڑھے گی، ہمیں چائے پر نہ ٹرخایا جائے۔

مالاکنڈ جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا، فوج کا احترام کرتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ واضح کرے عمران خان کے ساتھ ہے یا غیر جانبدار ہے؟۔ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج ہوگا۔ مالاکنڈ کے عوام جس عزم کے ساتھ گھروں سے نکلے ہیں یہ سیلاب حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا، جس نے قوم کے ووٹ پرڈاکہ ڈالا ہے۔

مولانافضل الرحمٰن بولے عمران خان نے کوئٹہ میں صرف ایک خاندان سے تعزیت کی، باقی کسی سے کوئی تعزیت نہیں کی اور نہ ہی دعا کی۔ صوبوں کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم صوبوں کے عوام کے تحفظ کی جنگ لڑیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، 27 ارب کے بی آر ٹی کے منصوبے پر 127 ارب خرچ ہوچکے، اب بھی مکمل نہیں ہوسکا۔ آٹا اور چینی میں کرپشن سے پاکستان کو 300 سے لے کر 600 ارب تک نقصان پہنچایا گیا۔

مولانا نے کہا، تم فضل الرحمٰن کو نیب میں بھیجنے کی بات کرتے ہو، ذرا بھیج کر تو دکھاؤ، سرنڈر ہونا فضل الرحمٰن کا کام نہیں۔ پہلے فارن فنڈنگ سے آنے والے پیسے کا حساب دو۔