Friday, March 29, 2024

قوم آج یوم دفاع منارہی ہے

قوم آج یوم دفاع منارہی ہے
September 6, 2016
لاھور (92 نیوز) – قوم آج یوم دفاع اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ مادر وطن کو در پیش تمام خطرات کا مقابلہ کیاجائے گا۔ اس موقع پر شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جا رہا ھے۔ 1965ء میں آج ہی کے دن بھارتی فوج نے پاکستان پر حملے کے لئے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد عبور کی لیکن پوری طرح چوکس مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دئیے۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، شہداء کے لئے فاتحہ اور قرآن خوانی بھی ہوئی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میںمختلف تقریبات ہوںگی۔ شہدائے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی۔ لاہور میں یوم دفاع کے موقع پر مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے مزار پر پاک فوج اور رینجرزکی جانب سے پھولوں کی چادرچڑھائی گئی اور گارڈآف آنر پیش کیا گیا۔ شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال کے مزار پر یوم دفاع کے موقع پر علی الصبح پروقار تقریب ہوئی پاک فوج کی جانب سے میجر جنرل طارق امان نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بریگیڈیئر عاصم حسین گردیزی نے پنجاب رینجرز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاعر مشرق کے مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر رینجرزکے چاق وچوبند دستے نے سلامی بھی دی۔ میجر جنرل طارق امان اوربریگیڈئیرعاصم حسین نے رینجرز کے بینڈ کامعائنہ کرنے کے بعد مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ Iqbal Tomb   اس موقع پر اپنے پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ چھ ستمبر ہماری تاریخ میں ایک سنگ میل ہے جب 51 سال پہلے پاک فوج اور پوری قوم نے دشمن کی جارحیت کے خلاف مادر وطن کا جرات مندی سے دفاع کیا تھا۔ جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ چھ ستمبر 1965 کو ہماری بہادر مسلح افواج نے دشمن کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ ہم نے جدید ہتھیاروں کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرلی ہے اور ہماری ایٹمی صلاحیت ہمارے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔