Thursday, March 28, 2024

قوم آج یوم دفاع ملی جوش و خروش سے منارہی ہے

قوم آج یوم دفاع ملی جوش و خروش سے منارہی ہے
September 6, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) قوم آج یوم دفاع ملی جوش و خروش سے منا رہی ہے۔ آج پھر چھ ستمبر ہے ۔ جب پاک فوج نے اپنے سے بڑی فوج کو دندان شکن جواب دیا ۔ پاک فوج دشمن پر ٹوٹ پڑی ۔ اسی دن کی یاد میں آج جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب ہو گی جبکہ نور خان ایئر بیس پر فلائی  پاسٹ ہو گا۔ چھ ستمبر اُنیس سو پینسٹھ ، یوم تجدید عہد غیرت و حمیت ، ایک ایسا دن جب طاقت کے نشے میں چور دشمن نے  رات کے اندھیرے میں پاکستانی قوم کو للکارا مگر اُسے خبر نہ تھی کہ ایسا جواب ملے گا کہ جسے وہ برسوں بھلا نہ پائے گا۔صدر ایوب خان کے یہ الفاظ پاکستان کے جانباز سپاہیوں اور مجاہدو! دشمن پر ٹوٹ پڑو اور اس وقت تک جنگ جاری رکھو جب تک کہ دشمن کی توپیں خاموش نہیں ہو جاتیں ۔ اب بھی دل و دماغ پر نقش ہیں۔ پاک فوج نے اپنے سے کہیں بڑے دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور اُس کے تمام خواب چکنا چور ہو گئے۔بھارتی جرنیلوں کو اپنی کامیابی کا یقین تھا اور لاہور کے جمخانہ کلب میں پہنچنے کے خواب بھی دیکھ رہے تھے مگر میجر عزیز بھٹی  شہید جیسے پاک فوج کے سپوت دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔بھارتی فوج کے لئے بی آر بی نہر کو پار کرنا ممکن نہ ہو سکا اور اسے اُس کا شمشان گھاٹ بنا دیا گیا۔ جہاں دشمن زمین پر آگے بڑھا مگر مارا گیا ۔ دشمن فضا سے آیا تو بھی تباہ کر دیا گیا۔ سرگودھا کی فضا آج بھی ایم ایم عالم کے معرکے کی گواہی دے رہی ہے ۔ بڑی فضائیہ مگر شاہینوں کا مقابلہ نہ کر سکی تو دشمن کی سمندری فوج بھی پاکستان نیوی کا سامنا نہ کر پائی ۔آپریشن دوارکا پاک نیوی کا وہ کارنامہ جو کبھی نہ بھلایا جا سکے گا۔پاک فوج نے بھر پور جواب دیا تو پوری قوم بھی اٹھ کھڑی ہوئی ۔ ملکہ ترنم نور جہاں کے ترانے اب بھی اپنی مقبولیت میں ثانی نہیں رکھتے۔شوکت علی کے گائے ترانے میدان جنگ میں اترنے والے سپاہیوں کا خون گرمانے کا باعث بن گئے۔ اسی چھ ستمبر کی یاد میں آج بھی قوم اپنے شہدا اور غازیوں کو یاد کرتی ہے۔اسی حوالے سے آج  شام جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب ہو گئی جس میں وزیراعظم سمیت کئی اہم رہنما شریک ہونگے۔نشان حیدر حاصل کرنے والے شہدا کے مزاروں پر بھی تقریبات ہو نگی اور پاک فوج کے دستے سلامی دیں گے۔نور خان ائیر بیس راولپنڈی میں ہتھیاروں اور جنگی جہازوں کی نمائش ہو گی۔ ائیر فورس کی جانب سے جنگی جہازوں کا فلائی پاسٹ بھی پیش کیا جائے گا۔