Sunday, September 8, 2024

قندیل بلوچ قتل کیس: پولیس کا مفتی عبدالقوی سے پوچھ گچھ کا فیصلہ

 قندیل بلوچ قتل کیس: پولیس کا مفتی عبدالقوی سے پوچھ گچھ کا فیصلہ
July 18, 2016
ملتان(92نیوز)ملتان میں قندیل بلوچ قتل کیس میں پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے مفتی عبدالقوی سے پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ مقدمہ میں نامزد قندیل بلوچ کے بھائی تک رسائی کے لئے بھی متعلقہ سرکاری ادارہ کو خط لکھ دیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق ملتان میں دو روز قبل ماڈل قندیل بلوچ کو غیرت کے نام پر سگے بھائی نے قتل کر دیا تھا، پولیس نے ملزم وسیم کو گرفتار کر کے تفتیش کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر مفتی عبدالقوی کے قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث ہونے کی خبروں پر پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے اور مفتی قوی سے پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سی پی او اظہر اکرم کے مطابق قندیل قتل کیس کے حوالے سے مفتی عبدالقوی سے کچھ سوالات کئے جائیں گے۔ تاہم ان کو حراست میں نہیں لیا جائے گا۔ دوسری جانب مقدمہ میں نامزد قندیل بلوچ کے بھائی اسلم شاہین تک رسائی کے لئے بھی متعلقہ ادارے کو خط لکھ دیا گیا ہے۔