Sunday, May 12, 2024

قندیل بلوچ قتل کیس، مرکزی ملزم وسیم کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

قندیل بلوچ قتل کیس، مرکزی ملزم وسیم کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی
September 27, 2019
 ملتان (92 نیوز) قندیل بلوچ قتل کیس میں مرکزی ملزم وسیم کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ مفتی قوی سمیت  دیگر ملزمان کو شک کی بنا پر بری کر دیا گیا۔ قندیل بلوچ کے بھائی وسیم نے 16 جولائی 2016 کو قندیل بلوچ کو قتل کیا تھا۔ ماڈل کورٹ نے گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا۔ اس موقع پر مفتی عبدالقوی نے کہا عدالت نے ملزم وسیم کو عمر قید کی سزا دی ہے۔ میرے خلاف کوئی شہادت نہیں آئی۔ عدالت نے مجھے شہادت نہ ہونے پر بری کیا۔ میرے خلاف پولیس سمیت کسے نے کوئی شہادت نہیں دی۔ آج کا فیصلہ بہت تاریخی ہے۔ قندیل بلوچ کے والد محمد عظیم نے بیٹے محمد وسیم اور اسکے ساتھیوں حق نواز ، ظفر اور ڈرائیور باسط کیخلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ پولیس نے قندیل بلوچ کے بھائیوں محمد عارف ، اسلم شاہین اور مفتی عبدالقوی کو بھی شامل تفتیش کیا تھا ۔ ملزمان نے اپنی بہن قندیل بلوچ کو سوشل میڈیا پر بے باک ویڈیوز کی وجہ سے غیرت کے نام پر قتل کا اعتراف کیا تھا۔ سینکڑوں پیشیوں میں مقتولہ قندیل بلوچ کے والدین نے بیٹوں کو معاف کرنے اور بری کرنے کی درخواست دائر کی جو کہ عدالت کی جانب سے خارج کردی گئی تھی۔