Sunday, September 8, 2024

قلات :  تیزرفتارٹرالرنے 13 زندگیوں کے چراغ گل کردئیے

 قلات :  تیزرفتارٹرالرنے 13 زندگیوں کے چراغ گل کردئیے
August 10, 2015
قلات(92نیوز)بلوچستان کے ضلع قلات میں تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہوکر بازار میں گھس گیا خوفناک حادثے میں تیرہ افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہوگئےجبکہ  ایک مسافر ویگن سمیت سات گاڑیاں بھی ٹرالر کی زد میں آکرتباہ ہوگئیں۔ تفصیلات کےمطابق بلوچستان میں تیزرفتارٹرالرنے کئی زندگیوں کے چراغ گل کردئیےلیویز حکام کے مطابق حادثہ ضلع قلات کے علاقے منگوچر خالق آباد میں پیش آیا جہاں کراچی سے کوئٹہ جانے والا کوکنگ آئل سے بھرا ٹرالر  بریک فیل ہونے کی وجہ سے بے قابو ہوگیا اور منگوچر بازار میں گھس گیا۔ ٹرالر  کوئٹہ سے قلات آنے والی مسافر وین کو ٹکر مارنے کے بعد سڑک  کنارے کھڑی پانچ گاڑیوں پر بھی چڑھ گیا ۔ بے قابو ٹرالر نے کئی راہ گیروں کو بھی کچل دیا۔ لیویز کے مطابق حادثے میں تیرہ افراد جاں بحق اور پچیس افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں آٹھ مسافربھی شامل ہیں ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایف سی اور لیویز  اہلکارموقع پر پہنچ گئے اور مقامی لوگوں  کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ ٹرالر کو ہٹاکر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیاجاں بحق افراد میں بیشتر کا تعلق منگوچر سےتھا جن کی لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو مستونگ کے نواب غوث بخش اسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں سے شدید زخمیوں کو کوئٹہ کے سول اسپتال بولان میڈیکل اسپتال پہنچادیا گیا۔