Friday, April 26, 2024

قطری دستاویز کے مشورے نے نواز شریف کی لٹیا ڈبو دی : شیخ رشید

قطری دستاویز کے مشورے نے نواز شریف کی لٹیا ڈبو دی : شیخ رشید
November 23, 2016

لاہور (92نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ قطری شہزادے کی دستاویز لے کرنوازشریف نے لٹیا ہی ڈبو دی۔ سپریم کورٹ سے اپیل کرتاہوں کہ قطر سے ایل این جی ڈیل کابھی نوٹس لے۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے جہانگیر بدر کے گھر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر بدر لاہور کی پہچان تھے۔ ان کی سیاسی جدوجہد کبھی فراموش نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی قطری دستاویزات کا مشورہ دیا اس نے نواز شریف ہی نہیں پورے ملک کی لٹیا ڈبو دی۔ نوازشریف کسی صورت ڈان لیکس سے نہیں بچ سکتے یہ اداروں کا فیصلہ ہے اورکسی کے آنے یا جانے سے اداروں کے فیصلے نہیں بدلتے۔

اس ملک میں نوازشریف کاکوئی حامی نہیں۔ شیخ رشید نے کہاکہ ایاز صادق دو نمبر سپیکر ہیں‘ نواز شریف میرے نخرے اٹھاتا تھا۔ میں وہ ایم این اے ہوں جسے امریکہ نے دو دفعہ آف لوڈ کیا۔ عمران خان اور شیخ رشید بھی اگر اپوزیشن میں نہ ہوں تو کیا مولانا فضل الرحمن اپوزیشن کریں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ راحیل شریف کوپوری فوج اورعوام یاد رکھے گی۔ انہوں نے پاکستان کے اندر بھارتی ایجنٹ ختم کئے۔