Thursday, March 28, 2024

قطر:پگواش کانفرنس میں افغان حکومت اور طالبان کی ملاقات متوقع

قطر:پگواش کانفرنس میں افغان حکومت اور طالبان کی ملاقات متوقع
May 2, 2015
دوحہ (ویب ڈیسک) افغان طالبان کا وفد اتوار کو قطر میں ہونےوالی کانفرنس میں شرکت کرے گا جہاں طالبان نمائندوں اور افغان حکام کی ملاقات بھی متوقع ہے۔ ترجمان افغان طالبان نے کانفرنس میں وفد کی شرکت کی تصدیق کر دی۔ پگواش کانفرنس کے زیر اہتمام قطر میں سائنس اینڈ ورلڈ افیئرز پر کانفرنس اتوار کو دوحہ میں ہو رہی ہے۔ کانفرنس میں افغان حکومت اور افغان طالبان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ کانفرنس پہلے ترکی میں ہونا تھی لیکن بعض وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دی گئی تھی۔ افغان حکومت کی طرف سے افغان حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور سابق صدر حامدکرزئی سمیت کئی حکام شریک ہوں گے۔ افغان طالبان نے ایک بیان میں اپنے آٹھ رکنی وفد کی کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کانفرنس میں شریک ہونے والے مندوبین ذاتی نکتہ نظر پیش کریں گے، کسی حکومت یا تنظیم کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اس سے پہلے ہم جاپان اور فرانس میں ہونے والی کانفرنسوں میں بھی نمائندے بھجوا چکے ہیں، طالبان کے وفد میں مولوی جان محمد مدنی، مولوی سید رسول حلیم، مولوی شہاب الدین دلاور، قاری دین محمد حنیف، مولوی عبدالسلام حنفی، محمد سہیل شاہین اور حافظ عزیزالرحمن شامل ہوں گے۔