Saturday, April 27, 2024

وزیر اعظم عمران خان اور امیر قطر میں ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات

وزیر اعظم عمران خان اور امیر قطر میں ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات
June 23, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور امیر قطر میں ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات کئے اور دوطرفہ تعاون سمیت عالمی وعلاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک میں مفاہمت کی تین یاد داشتوں پر دستخط ہوئے، سرمایہ کاری اور تجارت پر جوائنٹ ورکنگ قائم کرنے، بزنس اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام پر ایم او یو شامل ہیں۔ قبل ازیں امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے، وزیراعظم عمران خان اور کابینہ کے ارکان نے نورخان ایئربیس پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔ معزز مہمان کی آمد پر جے ایف 17تھنڈر طیاروں نےسلامی دی جبکہ 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی، عمران خان نے امیر قطر کی گاڑی خود ڈرائیو کی اور وزیراعظم ہاؤس لے کر گئے جہاں انہیں  گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا، دونوں ملکوں کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں مختلف معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی۔ امیر قطر ایوان صدر میں صدر عارف علوی سے ملاقات کریں گے جبکہ سرمایہ کاری تقریب میں بھی شرکت کریں گے، قطری شیخ کے اعزاز میں ایوان صدر میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ امیرقطر کی رہائش اسلام آباد کے ہوٹل میں ہوگی جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، میٹرو بس اور ہائیکنگ ٹریلز کو دو روز کے لئے بند کر دیا گیا،غیر متعلقہ افراد کو ریڈ زون میں داخلے کی بھی اجازت نہیں۔