Friday, April 26, 2024

قطر کی پاکستان کو 10 لاکھ کورونا ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی

قطر کی پاکستان کو 10 لاکھ کورونا ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی
June 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) قطر نے پاکستان کو 10 لاکھ کورونا ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے قطری سفیر عبدالرحمٰن بن فیصل التھانی کی پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

قطری سفیر عبدالرحمٰن بن فیصل التھانی نے قطر کی جانب سے پاکستان کو 10 لاکھ کورونا ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر اسپیکر اسد قیصر نے کہا، پاکستان اور قطر مذہب، اخوت، بھائی چارے، دوستانہ تعلقات کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، دونوں ممالک اپنی جغرافیائی اہمیت کو بروئےکار لاکر معاشی استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا، مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلم ممالک کے مابین یکجہتی ضروری ہے۔ مزید کہا، اسلامو فوبیا کیخلاف موثر آواز اٹھانے کیلئے مسلم اُمہ کے مابین اتفاق واتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

قطری سفیر عبدالرحمٰن بن فیصل التھانی نے کہا، پاکستان کیساتھ اپنے دوستانہ، برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ قطر پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینا چاہتا ہے۔

سفیر عبدالرحمٰن بن فیصل التھانی نے پاکستان کے کورونا پر قابو پانے کیلئے بہتر حکمت عملی کو سراہا۔ کہا کہ، قطر پاکستان کو 10 لاکھ کورونا ویکسین فراہم کرے گا۔