Saturday, April 20, 2024

قطر میں افغان حکام اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات آخری لمحات پر منسوخ

قطر میں افغان حکام اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات آخری لمحات پر منسوخ
April 19, 2019

دوحہ (92 نیوز) قطر میں افغان حکام اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات آخری لمحات پر منسوخ کردیئے گئے۔

 افغان حکومت نے مذاکراتی عمل کیلئے دو سو پچاس افراد پر مشتمل فہرست تیار کی تھی جسے طالبان نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس ہے نہ کہ شادی کا ولیمہ۔

 قطر نے افغان حکومت کو نئی فہرست بھیجی جسے کابل حکام نے یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ اس میں افغانستان کے تمام شعبوں کی نمائندگی نہیں ہو رہی۔

 امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے مذاکراتی عمل منسوخ ہونے کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ اس صورتحال پر وہ تمام فریقین سے رابطے میں ہیں۔ مذاکرات سیاسی روڈ میپ اور دیر پا امن کے لیے ہمیشہ سب سے اہم ہوتے ہیں۔ ڈائیلاگ کا کوئی متبادل نہیں۔

 بیس اور اکیس اپریل کو دوحہ میں پہلی بار مذاکرات ہونے جارہے تھے جن میں افغانستان میں قیام امن سے متعلق امور پر بات کی جانی تھی۔