Thursday, April 25, 2024

قصہ خوانی بازار میں قلعی کا فن زندہ رکھنے والا قلعی گر استاد جہانگیر

قصہ خوانی بازار میں قلعی کا فن زندہ رکھنے والا قلعی گر استاد جہانگیر
October 17, 2015
پشاور (92نیوز) پیتل کے برتنوں کی جگہ سٹیل کے برتنوں کا استعمال عام ہوا تو برتن قلعی کرنے والے بھی ختم ہوتے گئے۔ اب گھروں میں پیتل کے برتن دکھتے ہیں نہ گلیوں بازاروں میں قلعی گر لیکن پشاور میں یہ فن آج بھی زندہ ہے۔ جہانگیر استاد کا کہنا ہے کہ اکا دکا گاہک اب بھی برتن قلعی کرانے آ جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک وقت تھا جب پیتل کے برتنوں کا استعمال عام تھا۔ ان برتنوں کو قلعی کرکے چمکانے والے بھی گلی گلی صدائیں لگاتے نظرآتے تھے لیکن پیتل کے برتنوں کی جگہ سٹیل نے لے لی تو قلعی کرنے والے بھی نہ رہے۔ پشاورکے جہانگیرنے آج بھی اس فن کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ پشاور کے مشہورقصہ خوانی بازار کے عقب میں واقع شاہ ولی قتال میں کوئلہ دہکاتا جہانگیر استاد آج بھی اپنی دکان میں بیٹھا ہوتا ہے جو آج بھی اپنے آباﺅ اجداد کے اس فن کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ اکا دکا روایت پسند آج بھی پیتل کے برتن چمکانے کےلئے جہانگیرکے پاس آتے ہیں۔ پشاور میں برتن قلعی کرنے والے اب صرف دو ہی کاریگر رہ گئے ہیں جوزیادہ تردیگیں قلعی کرکے دو وقت کی روٹی کمالیتے ہیں۔