Monday, September 16, 2024

قصورکی زینب سے زیادتی اور قتل کا ملزم 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل

قصورکی زینب سے زیادتی اور قتل کا ملزم 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل
February 9, 2018

لاہور (92 نیوز) قصور میں زینب کے زیادتی اور قتل کا ملزم چودہ روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ۔
ادھر پراسیکیوٹر جنرل کی رپورٹ عدالت میں جمع ہو گئی جس کے مطابق زینب سمیت نو بچیوں کے قتل میں ملوث عمران علی کا ٹرائل جیل میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اس حوالے سے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے احکامات بھی جاری کر دئیے اور عمران علی کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں اسپیشل سیل بنا دیا گیا ۔
سی سی ٹی وی کیمروں جیل کی سے نگرانی ہو گی ۔
قصور میں زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک میں دو دن کے ریمانڈ کے بعد پیش کیا گیا ۔
عدالت نے پراسکیوٹر سے استفسار کیا کہ ملزم سے تفتیش کے دوران کیا شواہد اکٹھے کئے گئے؟ جس پر پراسکیوشن نے بتایا کہ ملزم کیخلاف مختلف نوعیت کے چھ شواہد اکٹھے کئے گئے جن میں سی سی ٹی وی فوٹیج ، فوٹو پرنٹ ، پولی گرافک ٹیسٹ ، ڈی این اے رپورٹ ، ملزم کے کپڑے اور میڈیکل ٹیسٹ شامل ہے ۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے پوچھا کہ کیا ملزم نے اعترافی بیان ریکارڈ کرا دیا؟ جس پر پراسکیوٹر نے نفی میں سر ہلایا ۔
ملزم کی جانب سے مہر شکیل نے وکالت نامہ جمع کروایا ۔
ادھر میڈیا سے بات چیت میں ملزم کے وکیل مہر شکیل ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمران کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس کیس کے فیصلے پر سب کی نظریں لگی ہیں، سب چاہتے ہیں کہ فیصلہ جلد از جلد ہو ۔