Sunday, September 8, 2024

قصور ویڈیو سکینڈل کے متاثرین نے جھوٹے مقدمات واپس نہ لینے پر جے آئی ٹی کا بائیکاٹ کر دیا

قصور ویڈیو سکینڈل کے متاثرین نے جھوٹے مقدمات واپس نہ لینے پر جے آئی ٹی کا بائیکاٹ کر دیا
August 17, 2015
قصور (92نیوز) قصور کے گاوں حسین خان والا کے متاثرین نے ان کیخلاف درج مقدمات کے اخراج تک جے آئی ٹی میں پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزموں کی بجائے مدعی کے خلاف ہی ایکشن لینا شروع کردیا ہے۔ حکومت اور انتظامیہ نے روش نہ بدلی تو لانگ مارچ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق قصور سکینڈل کے متاثرین نے جے آئی ٹی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور پیش نہ ہوئے۔ متاثرین کے وکیل لطیف سرا ایڈوکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے متاثرین کے خلاف ناجائز ایف آئی آر دے رکھی ہے جو ان کے سر وںپر لٹکتی تلوار ہے انہیں واپس لیا جائے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ بڑی مشکل سے پولیس کا خوف دورہوا تھا اور ملزموں کی زیادتی کے شکار لوگ انصاف کے لئے سامنے آ رہے تھے لیکن ملزم محمد شفیع کے قتل کے مقدمے میں متاثرین کو شامل کرنے سے انتظامیہ کے مقاصد کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ متاثرین نے اعلان کیا کہ ان کیخلاف درج کئے گئے مقدمات خارج نہ کئے گئے تو وہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔