Monday, September 16, 2024

قصور واقعہ : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانچ ملزموں کا 28روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا

قصور واقعہ : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانچ ملزموں کا 28روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا
August 12, 2015
لاہور (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور میں بچوں کی زیادتی کے بعد ویڈیو بنانے کے الزام میں پانچ ملزموں کا اٹھائیس روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا جبکہ عدالت نے مقدمے کو فوجی عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قصور پولیس نے پانچ ملزمان سلیم اختر ، عتیق الرحمان، وسیم، علیم آصف اوریحییٰ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کڑے حفاظتی حصار میں پیش کیا۔ عدالت کے روبرو پراسیکیوٹر نے ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی نقول پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ ملزموں سے تفتیش کے لیے تیس روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں کے قبضے سے کیمرہ، میموری کارڈ اور دیگر سامان برآمد کرنا ہے اس لیے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ مدعی کے وکیل نے بھی جسمانی ریمانڈ دینے کی حمایت کی۔ عدالت کے روبرو ملزمان کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکلان کا اس مقدمے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ بےگناہ ہیں۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا پر اٹھائیس روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیش مکمل کرکے اس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے جبکہ عدالت نے مقدمے کو فوجی عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کر دیئے۔ واقعہ کاایک ملزم وسیم عرف بٹیری تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کےلیے چھاپےم مارے جا رہے ہیں۔