Thursday, March 28, 2024

قصور: ننھی زینب کے قتل کے بعد شہر بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری

قصور: ننھی زینب کے قتل کے بعد شہر بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری
January 11, 2018

قصور (92 نیوز) قصور میں ننھی کلی زینب کے بے دردی سے مسلے جانے کے بعد شہر بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
زینب امین خود تو لمبی نیند سو گئی ہیں مگر اس کے قاتل گرفت سے باہر ہیں۔ اس حوالے سے ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مشتعل افراد نے ڈی ایچ کیو اسپتال پر کئی مرتبہ دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ بھی کی۔ لوگوں کا اشتعال دیکھ کر ڈاکٹرز اور طبی عملہ اسپتال سے چلتا بنا۔
مختلف مقامات پر ڈنڈا بردار افراد نے احتجاج کر کے غم وغصے کا اظہار کیا۔
مظاہرین کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ ملزم کو جلد ازجلد گرفتار کیا جائے۔
قصور میں احتجاج کے باعث مارکیٹس، بازار، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ بند پڑی ہے۔ لوگ اپنے اپنے انداز میں غم وغصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
ادھر اسٹیل باغ چوک اور شہر کا داخلی راستہ بند کر دیا گیا جبکہ
پولیس سرکاری عمارتوں کے اندر موجود ہے۔
حکومت کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانیوں کے باوجود کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔