Friday, May 10, 2024

قصور میں تھانہ راجا جنگ کےعلاقے حویلی مہتاب خان میں فائرنگ ، 3 افراد جاں بحق

قصور میں تھانہ راجا جنگ کےعلاقے حویلی مہتاب خان میں فائرنگ ، 3 افراد جاں بحق
May 27, 2021

قصور (92 نیوز) قصور میں تھانہ راجا جنگ کےعلاقے حویلی مہتاب خان میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

دو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سینئر وکیل اظہر یاسین ثانی، مشتاق اور خاتون ثوبیہ بی بی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر رکشہ ڈرائیور کاشف زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

رات گئے ایس پی انویسٹی گیشن، ڈپٹی صدر سمیت پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے۔

ادھر ڈی پی او قصور عمران کشور بھی اظہر ثانی ایڈووکیٹ کے ڈیرے پر پہنچے اور انکوائری کے لئے چار ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب سینئر وکیل کے قتل پر قصور بار نے آج  مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ وکلا آج عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ صدر بار مرزا نسیم الحسن اور جنرل سیکرٹری مقصود ریاض چودھری نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔