Sunday, September 8, 2024

قصور سکینڈل ملک کے ماتھے پر بدنما داغ ،مجرموں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں : راجہ پرویز اشرف

قصور سکینڈل ملک کے ماتھے پر بدنما داغ ،مجرموں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں : راجہ پرویز اشرف
August 11, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ قصور کا واقعہ ملک کے ماتھے پر بدنما داغ ہے، پنجاب حکومت اس سلسلہ میں سخت اقدامات کرے  مجرموں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں،الطاف حسین نے چاہے غصے میں بات کی ہو پاکستان کے خلاف کوئی بات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔ تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں پیپلز پارٹی پنجاب اور کے پی کے کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ قصور کے شرمناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، یہ ایک انسانیت سوز جرم ہے، پنجاب حکومت ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کر کے انھیں سخت سزائیں دلوائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں نے سیلاب سے بچاو کے لئے پیشگی انتظامات نہیں کئے جس کی وجہ سے نقصان بہت زیادہ ہوا ،  پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کی ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں بھی  متاثرین سیلاب کی بھرپور مدد کریں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پنجاب حکومت کاشتکار دشمنی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کی وجہ سے پنجاب کے کاشتکار بہت پریشان ہیں،اربوں روپے صحراؤں میں خرچ کئے جا رہے ہیں لیکن کاشتکاروں کے لئے حکومت کے پاس پیسہ نہیں  ہے، ایک سوال کے جواب میں  ان کا کہنا تھا کہ   پیپلز پارٹی ایک سوچ اور سمجھ کا نام ہے۔ یہ ختم ہونے والی جماعت نہیں ہے پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے گاؤں گاؤں جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں تیر کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ ایم کیو ایم کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ  الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف چاہے غصے میں بات کی ہے یہ کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔