Friday, May 17, 2024

قصور سکینڈل: جے آئی ٹی نے رپورٹ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو پیش کر دی

قصور سکینڈل: جے آئی ٹی نے رپورٹ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو پیش کر دی
October 15, 2015
قصور (92نیوز) جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے قصور میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کے بارے میں رپورٹ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو پیش کردی۔ چیف جسٹس نے درخواست پر کارروائی انیس نومبر تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منظور احمد ملک نے قصور سکینڈل کے بارے میں ایک نوعیت کی مختلف درخواستوں کی سماعت کی۔ کارروائی کے دوران جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ابوبکر خدا بخش عدالت میں پیش ہوئے اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل امجد حسین چٹھہ کے توسط سے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیس ملزموں کے خلاف چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پچیس مقدمات عدالت میں پیش کئے گئے جن میں انیس کے چالان کی تفتیش مکمل جبکہ چھ کے اخراج کی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ الگ الگ سے چھ چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے بجائے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیے گئے اور ان چھ مقدمات میں پانچ کے اخراج کی سفارش کی گئی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منظور احمد ملک نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد درخواستوں پر کارروائی انیس نومبر تک ملتوی کردی۔